پاکستان میں رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب کو دیکھا جا سکے گا، جو فلکیاتی نظاروں کے شوقین افراد کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ چاند گرہن نہ صرف پاکستان بلکہ یورپ، ایشیا، افریقا، آسٹریلیا، شمالی اور جنوبی امریکا میں بھی دکھائی دے گا، جو اسے عالمی سطح پر ایک منفرد فلکیاتی واقعہ بناتا ہے۔
چاند گرہن کے اوقات (پاکستانی وقت کے مطابق):
چاند کی روشنی مدہم ہونا شروع: رات 8 بجکر 28 منٹ
جزوی چاند گرہن کا آغاز: رات 9 بجکر 27 منٹ
مکمل چاند گرہن کا آغاز: رات 10 بجکر 31 منٹ
گرہن اپنے عروج پر: رات 11 بجکر 12 منٹ
مکمل چاند گرہن کا اختتام: رات 11 بجکر 53 منٹ
جزوی چاند گرہن کا اختتام: رات 12 بجکر 57 منٹ
چاند گرہن کا مکمل اختتام: رات 1 بجکر 55 منٹ
یہ مکمل چاند گرہن ایک گھنٹے سے زائد دورانیے تک جاری رہے گا اور آسمان پر ایک سرخ مائل چاند (جسے بعض اوقات ’’بلڈ مون‘‘ بھی کہا جاتا ہے) کا نظارہ کیا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ 21 اور 22 ستمبر کو سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، جسے آسٹریلیا کے جنوبی حصے، بحرالکاہل، بحرِ اوقیانوس اور انٹارکٹیکا کے علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔ تاہم، یہ سورج گرہن پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
چاند گرہن کے دوران کسی خاص حفاظتی تدابیر کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم ماہرین فلکیات تجویز کرتے ہیں کہ اگر آپ دوربین یا ٹیلی اسکوپ سے مشاہدہ کریں تو یہ ایک حیرت انگیز تجربہ ہو سکتا ہے۔





