خیبر پختونخوا کی ثقافت اور مہمان نوازی کے بارے میں کافی سنا ہوا ہے،نوتعینات امریکی قونصل جنرل

پشاور:امریکی فارن سروس کے تجربہ کار افسر ٹام ایکرٹ نے امریکی قونصلیٹ جنرل پشاور میں بطور قونصل جنرل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے ٹام ایکرٹ کی پشاور میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹام ایکرٹ پشاور میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی نمائندگی کرنے والے نامور سفارت کاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹام اُن ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے نہایت موزوں شخصیت ہیں، جو پاکستان کی آزادی سے شروع ہونے والی ہماری سفارتی مشغولیت کا تاریخی تسلسل برقرار رکھنے اور خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ایسے نئے تعلقات اُستوار کرنے میں اپنا کردار ادا کرینگے ہیں جو ہم سب کو مضبوط، محفوظ اور مزید خوشحال رکھنے کے حامل ہوں۔

دریں اثنا، قونصل جنرل ٹام ایکرٹ نےکہا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کی ثقافت، ورثے اور مشہور مہمان نوازی کے بارے میں کافی کچھ سنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں معاشی مواقع کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل شراکتوں کو تقویت دینے اور روشن اورزیادہ پُرامن مستقبل کی تعمیر کی خاطر مِل جُل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں ۔قونصل جنرل ایکرٹ نے ۲۰۰۳ء میں امریکی محکمہ خارجہ میں شمولیت اختیار کی ۔

حال ہی میں انہوں نے قبرص میں بطور سینئر ریجنل سیکیورٹی آفیسر اور ناظم الاُمور خدمات سرا انجام دی ہیں۔ قبل ازیں، وہ گیبون، ویت نام، برما، عراق اور افغانستان میں بھی تعینات رہے۔

ٹام کا تعلق امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈلفیا سے ہے۔ وہ شادی شدہ ہیں ۔ ٹام نے کٹز ٹاؤن یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں بے اے کی ڈگری لے رکھی ہے۔

Scroll to Top