اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع، جن میں پشاور، اپر دیر، لوئر دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، نوشہرہ، ہنگو، کوہاٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، مہمند، شبقدر، چارسدہ اور پاراچنار شامل ہیں، وہاں بھی زمین لرز اٹھی۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے جن میں ملتان، راولپنڈی، اٹک، میانوالی، چکوال، تلہ گنگ، کلر کہار، چنیوٹ اور بھکر شامل ہیں۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقوں دھیر کوٹ اور وادی نیلم میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 111 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
جھٹکوں کے بعد لوگ گھبراہٹ کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور دفاتر سے کھلے مقامات کی طرف نکل آئے۔
زلزلے کے بعد ریسکیو ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔





