خیبرپختونخوا میں 7 ستمبر سے 9 ستمبر تک شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے باعث صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن میں بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔
بالائی اضلاع گلیات، مانسہرہ، کوہستان، کولائی پالس، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، بٹگرام، ہنگو، تورغر، ہری پور، کرک، چترال، دیر، سوات اور شانگلہ میں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح خیبر، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کرم، لکی مروت، ملاکنڈ، مہمند، اورکزئی، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
موسمی صورتحال کے باعث مقامی نالوں، برساتی چشموں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی (فلیش فلڈ) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان نے سیلاب کے باعث مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دیے
پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری و نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا ہے۔
تیز ہواؤں اور گرج چمک کی وجہ سے کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے عوام کو محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اپنانے کی اپیل کی ہے۔