وزیرمملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے علیمہ خان پر انڈہ پھینکے جانے کے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں جن ہتھکنڈوں کو سیاست میں داخل کیا گیا، آج وہی عمل پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ انڈے، جوتا اور سیاہی پھینکنا کس نے سکھایا؟ آج وہی لوگ خود اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔ یہ ہماری سیاسی روایات کا حصہ نہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس سلسلے کا آغاز خود پی ٹی آئی نے کیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور اُنہیں حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے۔ گرفتاری، بقول ان کے، اس وقت تک ممکن نہیں جب تک متاثرہ فریق کی جانب سے باضابطہ شکایت موصول نہ ہو۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ’’پولیس کارروائی کے لیے قانونی درخواست کی منتظر ہے۔ جن افراد کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اگر وہ شکایت درج کرائیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ایسے غیر سنجیدہ اقدامات میں ملوث نہیں، نہ ہی اسے اس قسم کی حرکات کی کوئی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک اُن پر دو انڈے پھینکے گئے، جن میں سے ایک انڈہ انہیں جا لگا۔ واقعے کے بعد کارکنان نے شدید احتجاج کیا، جبکہ پولیس نے دو مشتبہ خواتین کو تحویل میں لے کر اڈیالہ پولیس چوکی منتقل کر دیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دونوں خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ظاہر کیا گیا ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔





