ملتان کے علاقے جلال پور پیر والا کے قریب دریائے چناب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو نکالنے کے دوران ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ملتان ضلعی حکومت کے ترجمان وسیم یوسف کا کہنا ہے کہ کشتی ریسکیو 1122 کے عملے کی تھی جو متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہی تھی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق کشتی ایک درخت سے ٹکرانے کے بعد تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ سے پلٹ گئی، کشتی پر سوار زیادہ تر خواتین اور بچے تھے جو توازن برقرار نہیں رکھ سکے۔
کشتی میں سوار افراد کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا جبکہ پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ کے درمیان بتائی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا اور چار لاشیں نکال لیں، باقی افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کیا گیا جبکہ ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر امیر مقام کا بونیر کا دورہ،سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کئے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فوری طور پر متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت دی۔