آئی ایس پی آر نے پاک بحریہ کی جرات و بہادری پر مبنی ویڈیو جاری کر دی

اسلام آباد: نیوی ڈے کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاک بحریہ نے ایک خصوصی ویڈیو جاری کی ہے جو بحری محاذ پر جرات، عزم اور قومی سلامتی کی پاسبانی کا واضح مظہر ہے۔

یہ ویڈیو پاک بحریہ کے جانبازوں کی سمندر کی گہرائیوں میں دشمن پر زیرک نگاہ رکھنے کی روایت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ خصوصی ویڈیو “معرکہ حق” کے سیاق و سباق میں تیار کی گئی ہے، جس میں نہ صرف بحری محاذ پر موجودگی کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں نیوی کی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پاک بحریہ نے ہر جہت سے دشمن پر کڑی نگرانی جاری رکھی اور اپنی مضبوط حکمت عملی کے باعث دشمن کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رکھا۔

یہ ویڈیو آہنی عزم، بلند حوصلے اور قومی دفاع کے جذبے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نیوی نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں جو بہادری کی تاریخ رقم کی، آج بھی اس جرات مندانہ میراث کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ہے, فیصل کریم کنڈی

ویڈیو میں پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی سمندری سرحدوں کی پاسبانی، جدت، نگرانی اور جذبہ ایمانی کو بصری انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو ناظرین میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت دیتا ہے۔

نیوی ڈے کے موقع پر جاری کی گئی یہ ویڈیو نہ صرف پاک بحریہ کے بلند حوصلوں کا آئینہ دار ہے، بلکہ یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ وطن کی سمندری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

Scroll to Top