انتظار ختم !افغان کوچ کا فائنل میں شکست پر ردعمل سامنے آگیا

انتظار ختم !افغان کوچ کا فائنل میں شکست پر ردعمل سامنے آگیا

پاکستان نے شارجہ میں کھیلی جانیوالی سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں 75 رنز سے شکست دے کر نہ صرف ٹرافی اپنے نام کی بلکہ اس جیت کو سیلاب متاثرین کے نام کر کے ایک جذبۂ انسانیت کی مثال قائم کی۔

میچ کے بعد افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے پریس کانفرنس میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ہم فائنل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، جس پر افسوس ہے۔

پاکستان نے فائنل میں عمدہ بولنگ کی، اُنہیں کریڈٹ دینا بنتا ہے۔’’انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا اور ان کی ٹیم کو ایشیا کپ سے قبل اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔‘‘ابوظبی میں ہمیں زیادہ منظم ہو کر میدان میں اترنا ہو گا۔ امید ہے افغان ٹیم وہاں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔‘‘

جوناتھن ٹروٹ نے ٹورنامنٹ میں ڈی آر ایس (ریویو سسٹم) کی غیر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا’’اگرچہ پورے ٹورنامنٹ میں ریویو سسٹم نہیں تھا، لیکن ہم اس پر کوئی شکایت نہیں کرتے۔ زیادہ تر میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم جیتی، اور پچز اسپنرز کے لیے سازگار رہیں۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے فتح کو سیلاب زدگان کے نام کرتے ہوئے ایک عظیم جذبے کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا’’یہ جیت ان پاکستانیوں کے نام ہے جو اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے اعلان کیا کہ وہ سہ فریقی سیریز کے تمام میچز کی فیس فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

شاہین آفریدی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا’’یہ وقت قوم کے متحد ہونے کا ہے، وطن کی مٹی ہم سے تقاضا کر رہی ہے کہ ہم اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کریں۔ تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ فلڈ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔‘‘

پاکستانی ٹیم نے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دی۔ افغانستان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی، اور پاکستانی باؤلرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

Scroll to Top