45 سال کی میزبانی کے بعد وطن واپس جانیوالے افغان مہاجر نے پاکستان کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں پالا پوسا اور عزت دی، اور اب وہ عزت کے ساتھ اپنے وطن افغانستان لوٹ رہے ہیں۔
قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ )کے مطابق، افغان مہاجر نے وطن واپسی سے قبل کہا کہ جب ہم پاکستان آئے تھے تو ہمارے پاس کچھ بھی نہیں تھا، لیکن آج جب واپس جا رہے ہیں تو ہمارے پاس سامان کا پورا ٹرک بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے دعائیں کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
انہوں نے کہا’’پاکستان نے ہمیں عزت دی، ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کے مواقع دیے، اور زندگی کے مشکل لمحات میں ہمارا ساتھ دیا۔ ہمارا رزق یہاں ختم ہو چکا ہے، اب رخصت کا وقت ہے۔‘‘
افغان مہاجر کے اس جذباتی بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی نے افغان پناہ گزینوں کے دلوں میں خاص مقام حاصل کیا ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان کی مہمان نوازی کے شکر گزار ہیں بلکہ وطن واپسی پر بھی مثبت اور پرامید جذبے کے ساتھ اپنے مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔





