کراچی کے متعدد علاقے زیرِ آب، پانی کی گہرائی 5 فٹ تک پہنچ گئی

کراچی: شہر قائد میں جاری موسلا دھار بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔

ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے درجنوں افراد، خواتین، بچے اور بزرگ پانی میں پھنس گئے ہیں۔

سہراب گوٹھ کے علاقے حسن نعمان کالونی میں سیلابی ریلہ داخل ہونے کے بعد گلیاں اور مکانات مکمل طور پر زیر آب آ گئے۔ مقامی مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کئی خواتین اور بچے گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ایدھی فاؤنڈیشن کی بحری خدمات کی ٹیم متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہے۔ کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایدھی رضاکاروں کے مطابق بعض مقامات پر پانی کی گہرائی 4 سے 5 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث عام آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہے۔

ادھر گلشن اقبال میں بھی تشویشناک صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں گشن چورنگی کے قریب لیاری ندی میں ایک میاں بیوی بہہ گئے۔ تاہم ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو زندہ بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں : سلمان آغا نے سہ ملکی سیریز میں جیت سیلاب متاثرین کے نام کر دی

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق متاثرہ میاں بیوی جھگیوں کے رہائشی تھے اور اچانک آنے والے تیز ریلے کی زد میں آ گئے۔ خوش قسمتی سے بروقت کارروائی کے نتیجے میں ان کی جان بچا لی گئی۔

شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے بہتر نظام اور متاثرین کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top