پشاور: خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند، بنوں اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے 9 اور 10 دسمبر کی شب خفیہ معلومات کی بنیاد پر تین مختلف کارروائیاں کیں، جن میں مجموعی طور پر 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع مہمند کے علاقہ گولونو میں ہونے والے آپریشن میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ شمالی وزیرستان کے دتہ خیل میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ ضلع بنوں میں ایک مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے ممبران تھے، جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں سرمایہ کاروں کی کانفرنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ
پاک فوج نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔