اسرائیل کو چند گھنٹوں میں قابو پانے کی صلاحیت پاکستان کے پاس ہے، مولانا فضل الرحمان

راولپنڈی: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل کے قطر پر حملے اور فلسطینی عوام پر جاری وحشیانہ جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اسرائیل کو چند گھنٹوں میں لپیٹنے کی صلاحیت ہے، جیسا کہ پاکستان نے بھارت کو لپیٹا تھا۔

لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ تحفظ ختم نبوت اور دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت مسلمہ کئی محاذوں پر دباؤ کا شکار ہے، جہاں اسرائیل نے 70 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں بوڑھے، بچے اور خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کے دوحا میں حماس کی قیادت پر فضائی حملے اور لبنان، شام، یمن پر حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کا اعلانِ پاکستان بھی فلسطینیوں کے حق میں ہے اور اسرائیل کی خارجہ پالیسی مسلم امت کے خاتمے کی کوشش ہے۔

انہوں نے اسلامی دنیا کے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کردار ادا کریں اور دوحا میں اجلاس بلا کر مشترکہ دفاعی حکمت عملی اپنائیں۔

یہ بھی پڑھیں : سوات میں پولیس کی رشوت خوری کی ویڈیو وائرل، آر پی او ملاکنڈ نے فوری معطل کر دیا

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام بیت المقدس کی آزادی کے لیے مشترکہ دفاعی قوت کے استعمال کی خواہاں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات کی بھی تنقید کی اور کہا کہ دو ریاستی نظریہ نہیں بلکہ صرف ایک فلسطین کا نظریہ قابل قبول ہے۔

سیلاب زدگان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد ہماری ذمہ داری ہے اور قوم کو متحد ہو کر ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف قوم کو اپنا پیغام دینا ہوگا۔

Scroll to Top