دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر دبئی پولیس اور ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ایونٹ کو خوشگوار ماحول میں مکمل کرانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے آپریشنز اور ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف مہیر المزروعی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے تمام میچز کے لیے خصوصی پولیس یونٹس مکمل طور پر متحرک اور تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی میں کسی بھی قسم کی خلل اندازی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ شائقین، کھلاڑیوں اور منتظمین کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیڈیم میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف وفاقی قانون برائے اسپورٹس ایونٹس کے تحت کارروائی کی جائے گی، جس کے تحت پچ پر بلا اجازت داخل ہونے یا آتش گیر اور ممنوعہ اشیاء لانے والوں کو ایک سے تین ماہ قید اور پانچ ہزار سے تیس ہزار درہم تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی شائق تشدد کرتا ہے، کسی پر اشیاء پھینکتا ہے یا نسل پرستانہ و توہین آمیز زبان استعمال کرتا ہے تو اس پر بھی قید اور دس ہزار سے تیس ہزار درہم تک جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔
ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ میچ کے دن کم از کم تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچیں۔ ہر ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلے کی اجازت ہو گی، اس لیے درست اور اصل ٹکٹ ہمراہ رکھنا لازمی ہے۔ شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی چیز کو اسٹیڈیم نہ لائیں جو ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں شامل ہو۔
انتظامیہ کے مطابق ممنوعہ اشیاء میں آتش بازی کا سامان، آتش گیر مواد، لیزر، چھتریاں، بڑی کیمرہ لینز، سیلفی اسٹکس، نوکیلی اشیاء، زہریلے مواد، پالتو جانور، جھنڈے، بینرز، ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز، سائیکلیں، اسکوٹرز، اسکیٹ بورڈز اور شیشے سے بنی اشیاء شامل ہیں۔
میجر جنرل المزروعی کا کہنا تھا کہ یہ تمام پابندیاں شائقین، کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر شرکا کی حفاظت کے لیے عائد کی گئی ہیں تاکہ ایونٹ بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے مکمل ہو سکے اور دبئی کی پہچان بطور ایک محفوظ اور عالمی معیار کے اسپورٹس مرکز کے طور پر برقرار رہے۔