متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2025 کے اہم میچ میں روایتی حریف ٹیمیں پاکستان اور بھارت آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق معروف اسپورٹس تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے کہا کہ دبئی کے پچ پر اسپن بولرز کو کافی سپورٹ ملتی ہے، جس کی واضح مثال گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہے، جہاں بھارت نے پاکستانی ٹیم کو صرف 242 رنز پر محدود کیا تھا۔
شاہد ہاشمی نے مزید کہا کہ اس بار پاکستان کو خاص طور پر پاور پلے کے دوران بیٹنگ اور بولنگ میں بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی اور تمام کھلاڑیوں کو اپنی بہترین فارم میں کھیلنا ہوگا تاکہ بھارت کو شکست دی جا سکے۔
تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ اس میچ میں زیادہ دباؤ بھارتی ٹیم پر ہے کیونکہ وہ حال ہی میں ورلڈ ٹی20 چیمپئن بن چکی ہے اور پاکستان کے خلاف گزشتہ 13 میں سے 10 میچز جیت چکی ہے۔ اس میچ کا دباؤ بھارت کے لیے ایک چیلنج ہوگا کہ وہ اپنی برتری کو برقرار رکھ سکے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عمان کے خلاف میچ میں تین ریگولر اسپنرز (ابرار احمد، محمد نواز، اور سفیان مقیم) اور ایک پارٹ ٹائم سپنر (صائم ایوب) شامل تھے۔ اس کے مقابلے میں بھارت کی ٹیم میں متحدہ عرب امارات کے خلاف تین اسپنرز (اکشر پٹیل، ورون چکرورتی، اور کلدیپ یادیو) کی شمولیت رہی۔
گروپ اے میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں، جہاں بھارت بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
پاکستانی اور بھارتی شائقین اس میچ کے لیے پرجوش ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آج کا ٹاکرا ایک شاندار اور دلچسپ مقابلہ ثابت ہوگا۔