ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے ٹاکرے پاکستان بمقابلہ بھارت سے قبل میدان کے باہر بھی ماحول خوب گرم ہو چکا ہے۔ پاکستانی ٹیم سے ممکنہ شکست کے خوف نے بھارتی شائقین کرکٹ کو مذہبی رسومات کی جانب مائل کر دیا ہے۔
بھارتی شہر وارانسی میں دریائے گنگا کے راجندر پرساد گھاٹ پر خصوصی پوجا اور گنگا آرتی کی گئی، جہاں درجنوں شائقین نے ٹیم انڈیا کی کامیابی کے لیے دیوی دیوتاؤں سے دعائیں مانگیں۔ شائقین نے ہر ہر مہادبھارت ماتا کی جے کے نعرے لگائے، دریائے گنگا میں کھڑے ہو کر مذہبی رسومات ادا کیں، اور ہاتھوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی تصاویر و ترنگا پرچم تھامے رکھے۔
پوجا کے دوران بھگوان ہنومان کی مورتی کے سامنے خاص دعائیں مانگی گئیں کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف فتح حاصل ہو۔ یہ سب اس دباؤ کی عکاسی کرتا ہے جو ایک بڑے روایتی حریف کے خلاف میچ سے پہلے بھارتی شائقین اور میڈیا پر طاری ہے۔
یہ میچ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔ یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا تھا، جس کا اثر کھیل کے میدان پر بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر مقابلہ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہوتا ہے۔ ایشیا کپ 2025 کا یہ میچ نہ صرف کرکٹنگ اسکلز بلکہ اعصاب کی جنگ بھی بن چکا ہے، اور سرحد کے دونوں طرف شائقین بے صبری سے اس ٹاکرے کا انتظار کر رہے ہیں۔