وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان علاقوں کے گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں شدید تباہی ہوئی ہے جہاں نہ صرف مکانات تباہ ہوئے بلکہ عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی تک رسائی میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو متاثرہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور ان کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جن گھریلو صارفین نے اگست کے بجلی کے بل پہلے ہی جمع کروا دیے ہیں انہیں ان کی رقم واپس کی جائے گی۔
اس حوالے سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، وزیراعظم نے بجلی بل معافی کو متاثرین کا حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خورونوش اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے بجلی صارفین کے نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے، اگر نقصانات کی شدت زیادہ نکلی تو حکومت مزید ریلیف اقدامات پر بھی غور کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں زرعی پیداوار میں کمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس حوالے سے کسانوں کے لیے اقدامات جلد متعارف کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو دوبارہ اس کے گھر میں آباد کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں پھر سے شدید بارشیں ہوں گی، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، کیونکہ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لانا ہے۔





