میچ ریفری تبدیل نہ کرنے پر پاکستان کا ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ

میچ ریفری تبدیل نہ کرنے پر پاکستان کا ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں میچ ریفری کی تبدیلی نہ ہونے کی صورت میں قومی ٹیم کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پی سی بی کے مطالبے کو تسلیم نہیں کرتی اور میچ ریفری کو تبدیل نہیں کرتی، تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہو جائے گی۔

پی سی بی نے اس سلسلے میں آئی سی سی اور مینجمنٹ کمیٹی آف کرکٹ (ایم سی سی) کو خط بھی لکھا ہے جس میں میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں نے اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی روح اور ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ اس معاملے میں میچ ریفری نے بھی جان بوجھ کر کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روک کر غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھیل میں روایتی حسن سلوک اور عزت کا احترام برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے اور اس طرح کے رویے کرکٹ کے اصولوں کے منافی ہیں، جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔

Scroll to Top