ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کی پہلی کامیابی

ابوظبی: ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے ساتویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 42 رنز سے ہرا دیا۔ 173 رنز کے تعاقب میں عمان کی ٹیم 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میچ کا آغاز عمانی کپتان جتندر سنگھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے سے کیا۔ یو اے ای نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ کپتان محمد وسیم اور علی شان شرفو نے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 88 رنز کی شراکت قائم کی۔

علی شان شرفو نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان محمد وسیم نے 54 گیندوں پر 69 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، وہ رن آؤٹ ہوئے۔

 محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ عمان کے باؤلر جیتن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جوابی اننگز میں عمان کی ٹیم ہدف کے قریب بھی نہ پہنچ سکی اور 19ویں اوور میں پوری ٹیم 130 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ آریان بشت نے 24، جبکہ جتندر سنگھ اور ونائیک شکلا نے 20، 20 رنز اسکور کیے۔

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا جب کہ محمد جواد اللّٰہ اور حیدر علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ اے میں اب تک بھارت، پاکستان، عمان اور یو اے ای دو، دو میچز کھیل چکے ہیں۔ عمان کو ایک شکست بھارت سے بھی ہو چکی ہے جبکہ یو اے ای کا اگلا اور اہم ترین میچ پاکستان کے خلاف ہوگا۔

Scroll to Top