ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے اہم اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گروپ ’’اے‘‘ کے اس مقابلے میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں صرف 14 گیندوں پر جارحانہ 29 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حارث نے 18 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 20 رنز اسکور کیے۔
دیگر بیٹسمینوں میں صائم ایوب صفر، صاحبزادہ فرحان 5، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز 4، 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 18ویں اوور میں 105 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے گیند بازوں نے نپی تلی بولنگ کی۔ حارث رؤف، شاہین آفریدی اور خوشدل شاہ نے اہم وکٹیں حاصل کیں اور حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، جہاں سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا، اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے بھارت کے ہمراہ گروپ اے سے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سپر فور میں اب شائقین کو ایشیائی کرکٹ کے مزید سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔





