اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سرکاری ملازمین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہےجو 17 ستمبر سے شروع ہے اور26 ستمبر تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ٹریفک پولیس دفاتر اور موبائل وینز کے ذریعے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ سرکاری ملازمین بآسانی اپنا لائسنس حاصل کر سکیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدام ان سرکاری اہلکاروں کی سہولت کے لیے ہے جن کے پاس تاحال ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ بطور سرکاری ملازم قانون کی پاسداری کا آغاز خود سے ہونا چاہیے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ مہم شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 26 ستمبر کے بعد بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں گاڑی بند کرنے سے لے کر محکمانہ کارروائی تک شامل ہوگی۔
سی ٹی او کے مطابق ٹریفک پولیس کے تمام دفاتر اور دستیاب وسائل اس مہم کے دوران سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے وقف کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایک ماہ تک روزانہ صبح لیموں پانی پینے کے 5 حیرت انگیز فوائدجانئے
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے بلکہ ٹریفک کے مجموعی نظام میں بہتری لانا بھی ہے۔





