اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، کوہاٹ اور بنوں جبکہ پنجاب کے فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ بلوچستان کا ژوب ڈویژن بھی اس سلسلے میں متاثر ہو سکتا ہے۔
بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گڈو بیراج پر اس وقت پانچ لاکھ کیوسک پانی کے ساتھ درمیانے درجے کا بہاؤ موجود ہے، جب کہ سکھر بیراج پر اونچے درجے کی سیلابی کیفیت کے ساتھ بہاؤ پانچ لاکھ اکہتر ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری
کوٹری بیراج پر بھی درمیانے درجے کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں آئندہ دنوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔





