پاکستان اور سعودی عرب کا اتحاد عالمی سطح پر نئی ورلڈ سپرپاور بنے گا، رانا ثنااللہ

سینیٹر اور مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا تاریخی معاہدہ نہ صرف ایک دستاویز ہے بلکہ یہ مسلم امہ کے سیکڑوں سال پرانے خواب کی تعبیر اور اتحاد کی بنیاد ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ معاہدے کو مسلم دنیا کے لئے ایک بڑی تاریخی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ یہ اتحاد مستقبل میں عالم اسلام کے لئے ایک مضبوط ستون ثابت ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے تحت اگر کسی بھی مسلمان ملک پر ظلم یا جارحیت کی جائے گی تو اسے تمام مسلم ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملہ درحقیقت پاکستان سمیت پوری مسلم امہ پر حملہ ہوگا، جہاں سعودی عرب معاشی طاقت ہے وہاں پاکستان اپنی جوہری صلاحیتوں کے باعث دفاعی قوت رکھتا ہے اور جب یہ دونوں طاقتیں یکجا ہوں گی تو عالمی سطح پر ایک نئی ورلڈ سپر پاور کا قیام ہوگا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کہ اس اتحاد کے تحت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اور پاکستان و سعودی عرب دہشت گردی کو ایک ہی آنکھ سے دیکھیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سعودی عرب کا مسلم ممالک میں بے پناہ احترام ہے اور اس معاہدے سے پاکستان کو متعدد معاشی اور دفاعی مواقع حاصل ہوں گے جو ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے نہایت اہم ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کا نیٹو طرز کا دفاعی معاہدہ، عرب دنیا کے لیے دروازے کھل گئے،خواجہ آصف

 سینیٹر رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ کچھ حساس امور پر تفصیلات جلد ہی منظر عام پر لائی جائیں گی لیکن اس معاہدے کی اہمیت اور اس کے مثبت اثرات ہر سطح پر محسوس کیے جائیں گے۔

Scroll to Top