اقوام متحدہ کے عالمی امن دن پر پاک فوج کے عالمی امن میں نمایاں کردار کی تعریف

اسلام آباد: 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی امن کا دن منایا جاتا ہے، جس کے موقع پر پاک فوج کے امن دستوں کے عالمی امن اور سلامتی میں نمایاں کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

پاکستان کے فوجی دستے کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں حصہ لے کر دنیا کے مختلف خطوں میں امن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کے مختلف مشنز میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں انہوں نے انسانی مصائب کے خاتمے اور جنگ زدہ علاقوں میں دیرپا امن کی بحالی کے لیے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے امن مشن کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرتا ہے۔

اب تک 235,000 سے زائد پاکستانی فوجی دنیا کے 29 ممالک میں اقوام متحدہ کے 48 مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن کی قربانیاں عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم پر پابندی عدالت میں چیلنج

پاک فوج کے اس عزم کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور پاکستان اپنی اس دیرینہ وابستگی پر فخر محسوس کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی امن دن کے موقع پر یہ عزم دہرایا جاتا ہے کہ پاکستانی امن دستے عالمی امن کے لیے اپنی خدمات آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Scroll to Top