بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئےمشکل ہدف دے دیا

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا۔

یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

اننگز کی شروعات سے ہی بھارتی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا، خصوصاً اوپنر ابھیشک شرما نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ شمبن گل نے 19 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے۔

ایک موقع پر یوں محسوس ہو رہا تھا کہ بھارت ایک بڑا ٹوٹل کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، مگر بنگلہ دیشی بولرز نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں۔ تلک ورما اور کپتان سوریا کمار یادو دونوں 5،5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ شیوم دھوبے صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

ان حالات میں ہاردک پانڈیا نے ٹیم کو سہارا دیا اور 38 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ان کا ساتھ اکشر پٹیل نے 10 رنز کے ساتھ دیا۔ یوں بھارت نے اپنی اننگز 168 رنز پر مکمل کی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے رشاد حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مستفیض الرحمٰن، تنظیم حسن اور سیف الدین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی قیادت اس میچ میں جاکر علی کے سپرد تھی کیونکہ کپتان لٹن داس اب تک انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے۔ اس اہم مقابلے کے لیے بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں، جب کہ بھارتی ٹیم بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اتری۔

یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے مفلوج اور ڈیفالٹر صوبہ بنا دیا تھا، ڈاکٹر شفقت ایاز

یاد رہے کہ سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرایا۔ موجودہ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، پاکستان دوسرے، بنگلہ دیش تیسرے اور سری لنکا چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

Scroll to Top