وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوگی، جس کی باضابطہ تصدیق امریکی انتظامیہ نے کر دی ہے۔ ملاقات مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں طے ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق اس ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال، باہمی تعلقات، معاشی تعاون اور سیکیورٹی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔
یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے پہلے بھی ایک غیر رسمی ملاقات نیویارک میں اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہو چکی ہے۔ اس دوران دونوں رہنما گرمجوشی سے ہاتھ ملاتے اور بے تکلف انداز میں بات چیت کرتے نظر آئے۔ صدر ٹرمپ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا اور گفتگو کے اختتام پر شہباز شریف کو ’تھمز اپ‘ (thumbs up) کا اشارہ دیا۔
اسی اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر، اردن کے بادشاہ، اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں بالخصوص غزہ میں جنگ بندی اور دیگر علاقائی مسائل پر گفتگو کی گئی۔
علاوہ ازیں، وزیراعظم نے چینی وزیراعظم لی چیانگ کی سربراہی میں منعقدہ عالمی ترقیاتی اقدام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جہاں ان کی چینی قیادت سے ملاقات اور غیر رسمی تبادلہ خیال بھی ہوا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے بھی وزیراعظم کی اہم ملاقات ہوئی، جب کہ آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ خوشگوار ماحول میں قہقہوں کے تبادلے کے دوران انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا’’شاید کل ہی آسٹریا کا دورہ کر لوں‘‘
دورے کے دوران وزیراعظم کی کویت کے ولی عہد اور سری لنکن صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی تعلقات، دفاعی تعاون، اور مختلف شعبوں میں اشتراک پر بات چیت کی گئی۔
یہ ملاقاتیں پاکستان کی عالمی سفارتی سرگرمیوں میں نئی جہتوں کی عکاسی کرتی ہیں، جن کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔





