کیا آپ جانتے ہیں کہ زمین پر ننگے پاؤں چلنا صحت کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف زمین پر ننگے پاؤں چلنا بھی صحت بخش زندگی کی جانب ایک مؤثر قدم ہو سکتا ہے؟ ماہرین کے مطابق یہ ایک سادہ مگر انتہائی فائدہ مند عمل ہے جو جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت پر مثبت اثرات ڈال سکتا ہے۔

حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق زمین کی سطح منفی چارج والے الیکٹرانز سے بھری ہوتی ہے جب انسان ننگے پاؤں زمین سے جُڑتا ہے تو یہ الیکٹرانز جسم میں منتقل ہو کر اندرونی نظام کو متوازن کرنے میں مدد دیتے ہیں خاص طور پر پاؤں کے تلوے جہاں اعصابی ریشوں کا جال بچھا ہوتا ہے، زمین سے رابطے کے بعد جسم کی توانائی کو متحرک کرتے ہیں۔

یہ عمل صرف فٹنس کے لیے نہیں بلکہ دل، دماغ اور یہاں تک کہ آنکھوں کی صحت کے لیے بھی مفید مانا جاتا ہے، ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ روزانہ کم از کم 15 سے 30 منٹ ننگے پاؤں نرم سطحوں جیسے گھاس، ریت یا مٹی پر چلنے سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، تناؤ کم ہوتا ہے اور سوزش جیسے مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سٹیفن سیناترا کا کہنا ہے کہ زمین کے ساتھ یہ قدرتی رابطہ جسم سے فالتو توانائی اور سوزش کو کم کر کے اندرونی سکون فراہم کرتا ہے، ننگے پاؤں چلنے کو ایک قدرتی اینٹی انفلامیٹری طریقہ بھی کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں آشوب چشم بیماری پھیل گئی، متاثرین کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز

آرتھوپیڈک ماہرین کا ماننا ہے کہ ہلکے انداز میں ننگے پاؤں چلنے سے جوڑوں پر پڑنے والا دباؤ کم ہوتا ہے جس سے آرتھرائٹس اور گھٹنوں کے درد میں آرام آ سکتا ہے یہاں تک کہ وہ افراد جو سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں وہ بھی گھاس پر ننگے پاؤں چلنے سے ریلیف محسوس کرتے ہیں۔

Scroll to Top