پشاور: خیبرپختونخوا میں آشوب چشم کی وبا زور پکڑ رہی ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ خاص طور پر پشاور میں ہزاروں نئے مریض روزانہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔
وبا کے پھیلاؤ کے باعث آنکھوں کے قطرے اور عرق گلاب کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ان ادویات کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مارکیٹ میں آنکھوں کے عام قطرے جو پہلے 100 روپے میں دستیاب تھے، اب 300 سے 500 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔
کئی مقبول برانڈز کے قطرے مارکیٹ سے غائب ہو گئے ہیں اور انہیں بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں خریدا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت نے وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور سکولوں، دفاتر سمیت دیگر مقامات پر احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوات: رات گئے مینگورہ بس اسٹینڈ کی منتقلی، انتظامیہ اور شہری آمنے سامنے
آشوب چشم بیماری کورونا اور دیگر پھیلنے والی بیماریوں کی طرح خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے، جس سے طبی نظام متاثر ہو رہا ہے اور ادویات کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ نئے مسائل کا باعث بن رہا ہے۔





