ہنزہ میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کا منصوبہ مکمل، 3 ہزار کنال اراضی زرخیز بن گئی

حمد اللہ خان
ہنزہ : ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے واٹر ریسورس اکاونٹیبلیٹی منصوبے کے تحت اپر ہنزہ کے علاقے سوست میں تین ہزار کنال اراضی کو زرخیز بنانے اور سیلاب سے محفوظ رکھنے کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کے فنڈ سے اہم ترقیاتی منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس منصوبے میں دریائے ہنزہ پر غلبشی کے مقام پر 900 فٹ طویل واٹر چینل اور 800 فٹ حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی ہے، جس سے قریباً 150 گھرانوں پر مشتمل تین گاؤں کی زمین کو کٹاؤ سے بچایا گیا اور پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کو موبلائزر صفدر حسین اور مقامی کمیونٹی کے نمائندگان محبت کریم اور محمد رضا نے صحافیوں کو بتایا کہ اس علاقے کی زمین پر گندم، مٹر، آلو، جو کے علاوہ خوبانی، چیری، آڑو اور سیب کی کاشت کی جاتی ہے اور یہ منصوبہ کسانوں کے لیے زندگی بدلنے والا ثابت ہوگا۔

مقامی افراد نے کہا کہ واٹر چینل اور حفاظتی دیوار کی تعمیر سے نہ صرف فصلوں کو سیلاب سے تحفظ ملا ہے بلکہ اس سال سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جس سے مقامی ضروریات کے ساتھ منڈیوں تک رسائی ممکن ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری وسائل کے باوجود جلسہ ناکام، شرکاء کی تعداد انتہائی کم رہی، سردار حسین بابک

صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس عاطف قیوم، صدر پریس کلب سردار نوید عالم اور دیگر صحافیوں نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اس منصوبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے، پانی کے تحفظ اور مقامی معیشت کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان گلگت کے دس اضلاع میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ، جنگلات، گلیشئرز اور پانی کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی مہم کے ساتھ کئی ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن سے مقامی لوگوں کو روزگار اور خوراک کے بہتر ذرائع میسر ہو رہے ہیں۔

Scroll to Top