پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سردار حسین بابک نے پشاور میں حالیہ جلسے کی ناکامی پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور بھرپور تشہیر بھی کی گئی، تاہم شرکاء کی تعداد انتہائی کم رہی اور بدنظمی عروج پر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عوام نے اس جماعت کو مسترد کر دیا ہے۔
پختون ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلدیاتی نظام کو بدنام اور ناکام کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان بڑے فخر سے کہتے تھے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں گے، مگر ان کے دور حکومت میں نہ تو کوئی ترقیاتی فنڈ جاری کیا گیا اور نہ ہی اختیارات دیے گئے بلکہ جو اختیارات پہلے سے تھے وہ بھی واپس لے لیے گئے۔
سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کی وجہ سے مختلف گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے اور حالیہ جلسے کی ناکامی کا الزام وہ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، اس لیے ایسی پارٹی کسی پر پریشر ڈالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی جیل میں قید پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس روانہ
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام نے واضح طور پر اپنی رائے دے دی ہے اور سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر کی کمزوریوں کا جائزہ لینا ہوگا۔





