محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ کے باعث موسم قدرے گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال (بالائی)، دیر (بالائی)، کولائی پالس اور کوہستان (بالائی) کے اضلاع میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، جو مقامی درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں خوشگوار تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا سمیت گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں خصوصاً مشرقی اضلاع اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی ہے۔
شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر بالائی علاقوں میں۔آندھی اور بارش کے دوران کمزور درختوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں۔کسان حضرات فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وقتاً فوقتاً اپڈیٹ فراہم کرتا رہے گا۔





