وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت میں مزید تبدیلیاں اور اصلاحات بانیٔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مشاورت سے کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو مؤثر اور عوامی توقعات کے مطابق ڈھالنے کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے کافی عرصے بعد ملاقات ہوئی، جس میں متعدد اہم معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی حکومتی تبدیلیوں اور اصلاحات کے حوالے سے بات ہو چکی تھی، اور اب ان پر عملدرآمد کا وقت آ چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی سے حالیہ ملاقات میں کابینہ میں تبدیلیوں اور مجموعی حکومتی اصلاحات پر اتفاق رائے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشاورت کے بعد عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی کو طلب کر کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا گیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی ان کی ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں اور حکومتی نظم و نسق میں اس طرح کی تبدیلیاں معمول کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مزید اصلاحات بھی متوقع ہیں، تاکہ خیبرپختونخوا میں گورننس کو مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور حکومت دونوں کے حوالے سے بانیٔ پی ٹی آئی کی واضح رہنمائی حاصل ہے، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔





