پاکستان اور عمان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور عمان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سلطنت عمان نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے حال ہی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے سمیت دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل شعبے میں تکنیکی اشتراک سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جبکہ ہیلتھ کیئر اسٹاف اور میڈیکل فزیشنز ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے صحت کے شعبے میں اشتراک عمل کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے پاکستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات، ویکسین کی مقامی طور پر تیاری کے حکومتی اقدامات اور صحت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کرنے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے پاکستان کے طبی شعبے کی مہارت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلطنت عمان نرسنگ اور میڈیکل اسپیشلسٹس سمیت ہنر مند طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ماہرین کے باقاعدہ تبادلے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے۔

Scroll to Top