اگلی بار ہاتھ ملائیں گے؟ سوال پر بھارتی کپتان نے کیا جواب دیا؟ جانئے

اگلی بار ہاتھ ملائیں گے؟ سوال پر بھارتی کپتان نے کیا جواب دیا؟ جانئے

ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف ہینڈ شیک تنازع کے حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ اگلے میچ میں پاکستان کے ساتھ کیا ہوگا، لیکن اس لمحے کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جب 35 سالہ کپتان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستان کو کمزور حریف قرار دینے والے اپنے بیان پر پچھتا رہے ہیں تو انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا، ’’بالکل نہیں! اگر یہ فائنل ہوتا تو سخت مقابلہ ہوتا، کیونکہ فائنل ایک خاص موقع ہوتا ہے۔‘‘

سوریا کمار یادو نے مزید کہا’’لوگ کہتے ہیں کہ یہ بس ایک میچ ہے، لیکن فائنل تو فائنل ہوتا ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ ناک آؤٹ گیم ہے اور اس کے لیے بہت محنت کی جاتی ہے۔ دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا کہ میں نے کچھ غلط کہا ہو۔ میں اپنی ٹیم کو دیکھتا ہوں، جب وہ پریکٹس کرتے ہیں یا میچ میں کھیلتے ہیں تو مجھے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال میں کھیل سکتے ہیں۔ اسی بنیاد پر میں نے وہ بات کہی تھی۔‘‘

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو سخت حریف نہیں سمجھتے، جس پر کافی بحث ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں، پاکستانی کپتان سلمان آغاز سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر بھارتی کپتان کو سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

Scroll to Top