افغانستان کی صورتحال پر پاکستان، ایران، روس اور چین کی اہم بیٹھک آج ہوگی، اہم فیصلے متوقع

افغانستان کی صورتحال پر پاکستان، ایران، روس اور چین کی اہم بیٹھک آج ہوگی، اہم فیصلے متوقع

افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر پاکستان، چین، روس اور ایران آج روس میں ایک اہم اور غیر معمولی سفارتی اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی، انسداد دہشتگردی، اور افغان حکومت سے روابط جیسے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان کریں گے، جبکہ دیگر تینوں ممالک کے اعلیٰ سطحی سفارتی حکام بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس کے اہم نکات:
افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے پر زور
کالعدم تنظیموں جیسے ٹی ٹی پی، بی ایل اے، اور جیش العدل کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ
افغانستان سے دہشتگردوں کی بھرتی، فنڈنگ اور اسلحہ کی ترسیل کے خاتمے پر اتفاق
افغانستان میں کسی بھی غیر ملکی اڈے کے قیام کی مخالفت کی تجدید
1988 کے پابندیوں کے نظام میں زمینی حقائق کے مطابق ترمیم پر زور
طالبان رہنماؤں کے سفری استثنیٰ پر عالمی برادری کے دہرے معیار پر تحفظات کا اظہار

انسانی اور علاقائی امور پر مشاورت
اجلاس میں چاروں ممالک افغانستان میں انسانی حقوق، خواتین اور بچوں کے حقوق، لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار پر بھی زور دیں گے۔مزید برآں، باہمی علاقائی روابط، انسداد منشیات، اسمگلنگ، اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستان کے مؤقف کی جھلک
پاکستان اجلاس میں افغان مہاجرین کی باعزت اور جلد واپسی پر زور دے گا اور بین الاقوامی برادری سے ہنگامی انسانی امداد میں اضافے کا مطالبہ کرے گا۔ساتھ ہی، افغانستان کے منجمد بین الاقوامی اثاثوں کی بحالی اور افغان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں بہتری پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغانستان میں جامع اور وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی حمایت دہرائی جائے گی تاکہ وہاں پائیدار امن اور استحکام قائم ہو سکے۔

Scroll to Top