اسرائیلی حراست سے رہائی پانے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان گلف ایئرلائن کی پرواز جی ایف 770 کے ذریعے بحرین سے اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سینیٹر مشتاق کے استقبال کے لیے سینکڑوں افراد جمع ہوئے۔ اس موقع پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایئرپورٹ پر فلسطینی پرچموں کی بہار دیکھنے کو ملی۔ مشتاق احمد کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیلی حکام نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ انسانی حقوق کے کارکنوں کے ہمراہ فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے فلوٹیلا کا حصہ تھے۔ انہیں گزشتہ ہفتے اسرائیل نے روکا اور گرفتار کیا، تاہم بین الاقوامی دباؤ اور سفارتی کوششوں کے بعد وہ بحفاظت رہا ہو کر وطن واپس آ گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر گزشتہ شب اردن میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ مشتاق احمد خان اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے رابطہ کر کے مشتاق احمد خان کی عمان واپسی میں مدد پر شکریہ ادا کیا۔ دفتر خارجہ نے مشتاق احمد کی رہائی کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کو سراہا۔





