اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت میں بھی اہم ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو عہدے سے ہٹائے جانے پر غور کیا جا رہا ہےاور ان کی جگہ رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو چیئرمین پی ٹی آئی نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کو بھی ان کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے جبکہ ان کی جگہ رؤف حسن کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
یہ ممکنہ تبدیلیاں ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہیں جب گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزارت اعلی کے لئے ایسے شخص کو نامزد کیا گیا جو ایک اشتہاری اور بھگوڑے مراد سعید کا قریبی ہے، عطاتارڑ
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے کے فوری بعد ان کی سوشل میڈیا ٹیم ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہو گئی تھی جو ان کا آبائی علاقہ ہے۔





