پاک فوج سرحدوں کا دفاع ہمت اور مہارت سے جاری رکھے گی، گورنر کے پی

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے افغان فورسز کی پاکستان کی سرحدوں پر جارحیت اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افغان فورسز کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے اور خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج کو ملکی دفاع یقینی بنانے اور افغان فورسز کو مؤثر جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

فیصل کریم کنڈٰ نے جام شہادت نوش کرنے والے 23 سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ افغان فورسز کی اس دراندازی اور جارحیت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ ذمہ داری، تحمل اور عزم کے ساتھ ملک کا دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کے ساتھ سرحدوں کا دفاع جاری رکھیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں اہداف کو کس طرح نشانہ بنایا گیا؟ ویڈیو جاری

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ یکجہتی اور ثابت قدمی سے کھڑے ہیں تاکہ وطن کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top