گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج شام نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے گورنر خیبر پختونخوا کو آج شام 4 بجے تک وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو صوبائی اسمبلی کے اسپیکر حلف برداری کی کارروائی انجام دیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی اس وقت کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ موجود تھے۔ عدالتی حکم کے بعد بلاول بھٹو نے گورنر کو فوری طور پر پشاور روانہ ہونے اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
گورنر کی پشاور آمد کے بعد حلف برداری کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور یہ تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔





