نئے وزیراعلیٰ کی آمد سے قبل ہی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں انتظامی اکھاڑ پچھاڑ، اہم افسران عہدوں سے فارغ

خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری سے قبل ہی وزیراعلیٰ ہاؤس میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں۔ سی ایم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق اہم عہدوں پر فائز افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کا اضافی چارج رکھنے والے محمد عابد مجید سے یہ ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے، جبکہ گریڈ 18 کے افسر احسن حیدر گوندل کو پی ایس او ون کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔ اس سے قبل دو روز قبل چیف سیکیورٹی آفیسر نجم الحسین کو بھی ان کے عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے۔ تاہم، ان عہدوں پر تاحال نئی تقرریاں عمل میں نہیں آئیں۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی آج شام 4 بجے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے گورنر ہاؤس پشاور میں حلف لیں گے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔یاد رہے کہ سہیل آفریدی نے پیر کے روز علی امین گنڈاپور کے وزارتِ اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد 90 ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے نیا قائد ایوان منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ سے حلف نہ لینے پر دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کو ہدایت کی تھی کہ وہ بدھ کی شام 4 بجے تک حلف لیں، بصورت دیگر اسپیکر صوبائی اسمبلی کو حلف لینے کا اختیار حاصل ہو گا۔

عدالتی فیصلے کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ وہ منگل کی رات ہر صورت خیبر پختونخوا پہنچ جائیں گے اور اپنی آئینی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ذاتی طیارہ نہ ہونے کے باعث انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے سرکاری طیارے کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گورنر کو فوری طور پر خیبرپختونخوا روانہ ہو کر اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گورنر کے لیے سرکاری طیارہ فراہم کرنے کی درخواست بھی کی تھی تاکہ وہ وقت پر پشاور پہنچ سکیں۔

سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص ہیں جو وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہو رہے ہیں۔ ان کی آمد سے قبل ہی سیاسی اور انتظامی حلقوں میں ایک نئی متحرک فضا محسوس کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top