اعظم سواتی کا بلاول کے بیان کا خیرمقدم،ایسی سنجیدہ سوچ ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہے

اعظم سواتی کا بلاول کے بیان کا خیرمقدم،ایسی سنجیدہ سوچ ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کے حلف سے متعلق بیان کو ’’تاریخی، آئینی اور سنجیدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز )سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ گزشتہ روز دو اہم واقعات رونما ہوئے جن کی تعریف کیے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا’’پہلا، پشاور ہائیکورٹ کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب سے متعلق فیصلہ تھا، جس نے ایک بڑے آئینی تعطل کو ختم کیا۔ دوسرا، بلاول بھٹو زرداری کی وہ گفتگو تھی جو سنجیدہ، آئین کی پاسداری پر مبنی اور ملک و قوم کے مفاد میں تھی۔‘‘

اعظم سواتی نے بلاول بھٹو کو ان کے بیان پر ذاتی طور پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ عدالت کے فیصلوں پر عمل ہونا چاہیے اور وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے لیے جہاز لے کر روانہ ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا’’ایسی گفتگو اور سوچ ہی ملک، جمہوریت اور اداروں کو آگے لے جانے کا راستہ فراہم کرتی ہے۔ جب سیاسی قیادت آئین و قانون کی بات کرتی ہے، تو عوام کا نظام پر اعتماد بحال ہوتا ہے۔‘‘

اعظم سواتی کا یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے مثبت اقدامات کو سراہنے کا ظرف رکھتی ہے — جو جمہوری رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Scroll to Top