پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے لیے اہم اور خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کا مقصد صوبائی حکومت کی مؤثر تشکیل اور مضبوط حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق عمران خان کی جانب سے حلف برداری اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم پیغام خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کو پہنچا دیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے انتخاب کا مکمل اختیار نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو دیا گیا ہے۔ وہ منتخب نمائندوں یا پارٹی ٹکٹ ہولڈرز میں سے اپنی ٹیم کا انتخاب کریں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عمران خان کا اہم پیغام، جس میں پارٹی پالیسی اور ارکانِ اسمبلی سے متعلق رہنمائی شامل ہے، سہیل آفریدی تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ان ہدایات کی روشنی میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی حلف برداری کے بعد کابینہ کی تشکیل کا عمل مکمل کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، سہیل آفریدی نے مرکزی قیادت سے کابینہ کے حوالے سے ابتدائی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کچھ موجودہ وزراء کو برقرار رکھنے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ مشیر خزانہ مزمل اسلم اپنی ذمے داریاں جاری رکھیں گے۔
سہیل آفریدی کو دو روز قبل خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی حلف برداری آج عمل میں آ رہی ہے۔





