پاک فوج نے افغان طالبان فورسز کی جانب سے نوشکی سیکٹر میں کی گئی سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے افغانستان کی حدود میں اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، جس میں غزنالی پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، یہ مؤثر کارروائی 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب عمل میں آئی، جس میں پاکستان کی مسلح افواج نے تین کلومیٹر اندر افغان حدود میں واقع طالبان کی غزنالی پوسٹ کو تباہ کر دیا۔ دستیاب فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کے بعد طالبان اہلکار پوسٹ اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے کی گئی ان کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے اور دہشتگردی کے تربیتی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 21 طالبان پوسٹیں عارضی طور پر پاک فوج کے کنٹرول میں لے لی گئی ہیں، جبکہ درجنوں ٹھکانوں کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔
انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق، کارروائیوں میں 200 سے زائد طالبان جنگجو اور ان کے معاون دہشتگرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ کئی زخمی حالت میں فرار ہوئے۔
فوجی حکام کے مطابق، یہ کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری، سرحدی تحفظ اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا مؤثر، فوری اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور تیاری رکھتی ہے۔





