ویمنز ورلڈ کپ کے 16ویں میچ میں بارش پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف جیت میں رکاؤٹ بن گئی۔
مسلسل بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم کر دیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔
کولمبو میں ہونے والا یہ میچ بارش کے سبب بار بار متاثر ہوتا رہا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے 13 رنز پر اپنی پہلی وکٹ گنوائی اور پھر پوری اننگز دباؤ کا شکار رہی۔
پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ 25 اوورز میں انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 79 رنز بنائے تھے جب بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔
بارش رکنے کے بعد میچ کو 31، 31 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ دوبارہ آغاز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 31 اوورز میں 9 وکٹوں پر 133 رنز بنا سکی۔
پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے مطابق 31 اوورز میں 113 رنز کا ہدف ملا۔
یہ بھی پڑھیں : ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی
پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد آغاز کیا اور 6.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنائے تاہم ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی اور کھیل دوبارہ بند کر دیا گیاجو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔
پاکستانی اننگز میں منیبہ علی نے 9 رنز بنائے جبکہ عمیمہ سہیل نے 4 چوکوں کی مدد سے 19 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
میچ میں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال نے 16 رنز دے کر 2 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
یہ بھی پڑھیں : ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کا حج 2026 کی قرعہ اندازی کا اعلان
پاکستان ویمن ٹیم اب اپنا اگلا میچ 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔





