فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید توسیع کر دی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اب ریٹرن جمع کرانے کی نئی ڈیڈ لائن 31 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ مہلت 30 ستمبر تھی جسے پہلے 15 اکتوبر تک بڑھایا گیا تھا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تاجروں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواست پر اس اضافی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو ریٹرن فائلنگ میں شامل کرنا ہے۔
ادھر ایف بی آر کی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم نے بھی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے ایسے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے جو مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی پرتعیش زندگی کی نمائش کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق قیمتی گاڑیوں، زیورات، مہنگے ملبوسات، بیرون ملک سفر اور شادیوں میں نوٹ نچھاور کرنے جیسے مظاہر سوشل میڈیا پر مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور:صوبائی حکومت نے نومنتخب وزیراعلی کی تقرری کا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا
ایف بی آر کےمطابق ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد ابتدائی مرحلے میں ان افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو بڑے نان فائلرز کی فہرست میں شامل ہیں۔
ایف بی آرحکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو افراد مقررہ وقت کے بعد ریٹرن جمع کرائیں گے وہ لیٹ فائلرز کی کیٹیگری میں آئیں گے اور انہیں اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔





