خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آج اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، حلف اٹھانے کے بعد یہ وزیراعلیٰ آفریدی کی عمران خان سے پہلی براہِ راست ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حلف برداری کے فوری بعد عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ اور حکومت پنجاب کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے، جس میں ملاقات کے لیے ضروری سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو موصول ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق، متوقع ملاقات میں صوبائی معاملات، موجودہ سیاسی صورتِ حال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
سہیل آفریدی حال ہی میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، اور عمران خان سے ان کی یہ ملاقات سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔





