خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت مکمل کر لی ہے جس میں پرانے اور نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق وزیراعلیٰ اپنی ممکنہ کابینہ کی فہرست بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مشاورت کے لیے لے کر گئے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر مینا خان کے مطابق صوبائی کابینہ کی حتمی تشکیل عمران خان سے مشاورت کے بعد کی جائے گی۔ اگر بانی چیئرمین سے ملاقات نہ ہو سکی تو کابینہ دو مراحل میں تشکیل دی جائے گی۔
اسی دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے روانہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کروڑوں عوام کی نمائندگی کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ بانی سے ملاقات ہو جائے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ جو فہرست سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے وہ جعلی ہے اور کابینہ کی حتمی فہرست بانی چیئرمین سے مشاورت کے بعد ہی فائنل کی جائے گی۔





