خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 107 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 241 ہو گئی ہے.
محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے رواں سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 3,511 تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف ہسپتالوں میں 31 نئے ڈینگی کے مریض داخل ہوئے ہیں جبکہ اس وقت صوبے کے مختلف اسپتالوں میں 55 مریض زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سال اب تک کل 1,447 مریض ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں جن میں سے 3,268 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں، رواں سال ڈینگی کے باعث 2 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی جمع ہونے والی جگہوں کو فوری صاف کریں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی واپسی، محکمہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
ڈینگی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے صحت حکام نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے طور پر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور مریضوں کے علاج معالجے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔





