پشاور ہائی کورٹ نے اپر کوہستان سکینڈل میں نیب طلبی نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
عدالت نے یہ احکامات عامر زیب کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیے جس پر جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے ان کے موکل کو اپر کوہستان سکینڈل میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔
دوران سماعت نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جنرل ارباب کلیم اللہ نے عدالت کو بتایا کہ عامر زیب کو 22 ستمبر کو نیب میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اگر درخواست گزار کو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے پر اعتراض ہے تو وہ اس حوالے سے احتساب عدالت سے رجوع کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور گندم اسکینڈل: 1700 ٹن گندم غائب، 5 ملزمان پر فرد جرم عائد
عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار نیب کی تفتیش میں شامل ہو اور آئندہ سماعت پر نیب سے باقاعدہ جواب طلب کرلیا۔





