وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ کی مدت میں توسیع کر دی ہے، اب عازمین 22 اکتوبر تک بکنگ کرا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور باقی رہ جانے والے کوٹے کے پیش نظر کیا گیا۔
اب تک پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز 55 ہزار 500 عازمین کی بکنگ مکمل کر چکے ہیں، جبکہ تقریباً ساڑھے چار ہزار افراد کا کوٹہ تاحال دستیاب ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تاریخ میں توسیع کا فیصلہ سیکرٹری مذہبی امور کی منظوری سے کیا گیا اور تمام بکنگز حج پالیسی اور سروس پرووائیڈر معاہدے کے تحت مکمل کی جائیں گی۔
وزارت نے حاجیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستند اور منظور شدہ ٹور آپریٹرز سے رابطہ کر کے مقررہ تاریخ سے پہلے اپنی بکنگ مکمل کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمرہ زائرین کے تحفظ کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آ گئی
عمرہ زائرین کو جعل سازی اور فراڈ سے بچانے کے لیے وزارت مذہبی امور نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے۔ یہ فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے قابلِ عمل ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو چاہیے کہ وہ عمرہ بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ پر جا کر کمپنی کی تصدیق لازمی کریں تاکہ جعلی کمپنیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
ترجمان نے زائرین کو ہدایت کی کہ رقم کی ادائیگی ہمیشہ بینک کے ذریعے کمپنی کے اکاؤنٹ میں کی جائے اور ادائیگی رسید کے ساتھ معاہدے کی کاپی بھی لازمی حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کمپنیوں سے ویزہ، فضائی ٹکٹ، ٹرانسپورٹ اور رہائش کا مکمل پیکیج بک کروانا ضروری ہے تاکہ زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ اقدام عمرہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔





