اسلام آباد: عمرہ زائرین کو جعل سازی اور فراڈ سے بچانے کے لیے وزارت مذہبی امور نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے۔ یہ فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے قابلِ عمل ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو چاہیے کہ وہ عمرہ بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ پر جا کر کمپنی کی تصدیق لازمی کریں تاکہ جعلی کمپنیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
ترجمان نے زائرین کو ہدایت کی کہ رقم کی ادائیگی ہمیشہ بینک کے ذریعے کمپنی کے اکاؤنٹ میں کی جائے اور ادائیگی رسید کے ساتھ معاہدے کی کاپی بھی لازمی حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کمپنیوں سے ویزہ، فضائی ٹکٹ، ٹرانسپورٹ اور رہائش کا مکمل پیکیج بک کروانا ضروری ہے تاکہ زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈا پور ایک بار پھر اپنی ہی قیادت پر برس پڑے، سب کو آئینہ دکھا دیا
یہ اقدام عمرہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔





